منگل، 15 جون، 2021

دو چشمی "ھ" اور ہائے ہوز"ہ" میں فرق

 

ھاورہمیں فرق

.................................................................

ھاںاورہاںکیا دونوں درست ہیں؟ اِسی طرحہماورھممیں کیا فرق ہے ؟

جان لیجیے کہ اُردو میں دو چشمیھجسے ہاے مخلوط بھی کہتے ہیں کا استعمال دو حروف تہجی بنانے کے لیے ہوتا ہے ۔  مثلاً :  

بھ ، پھ ،  تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، رھ،  ڑھ، کھ،  گھ، لھ،  مھ اور نھ وغیرہ۔

بعض جگہوں پر خوب صورتی یا کسی اور وجہ سے لوگ ابتدا میںھکا استعمال کرتے ہیں۔ مثلاً:  ھم،  ھماریاورھاںوغیرہ  مگر یہ استعمال درست نہیں ہے ۔  اولاً اس لیے کہ اردو میں کسی حرف کی ابتدا میںھکبھی آ         ہی نہیں سکتا  کیوں کہ یہ صورت عربی سے آئی ہے۔

یہاں ذوقؔ کا ایک شعر اہلِ ذوق کی نذر کرتا ہوں :

ہائے رے حسرتِ دیدار ، مِری " ہائے " کو بھی

لکھتے ہیں ہاے دو چشمی سے ، کتابت والے

ثانیاً دو چشمیھکی اکیلی مستقل آواز اردو میں نہیں ہے بلکہ اسے کسی دوسرے حرف کے ساتھ ملا کر لکھا اور پڑھا جاتا ہے، جیسا کہ اوپر مثال میں دیا گیا ہے۔ دو چشمیھاردو میں ہندی زبان سے اخذ کی گئی ہے اور یہ صرف چند حروف کے ساتھ ہی آسکتی ہے۔ اردو کے تمام حروف تہجی کے ساتھ نہیں آ سکتی مثلاً :

بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، گھ ، اور لھ وغیرہ۔

اس کے علاوہ باقی حروف کے ساتھ دوچشمیھنہیں آسکتی ، جب کہہکی ایک الگ مستقل آواز ہے ۔

ذیل میں دوچشمیھیعنی ہاے مخلوط اورہیعنی ہاے ملفوظ کے چند جملے لکھے جارہے ہیں، انھیں پڑھ کر  قارئین کو اندازہ ہوجائے گا کہ ان دونوں کے پڑھنے میں کیا فرق ہے اور اُردو زبان میں یہ دو مختلف ھ/ہ   الگ الگ کیوں رائج ہیں اور ان کی اہمیت کس قدر ہے؟

دیکھیے : لفظ " بھاتے اور بہاتے " پہلے میں ہاے مخلوط اور دوسرے میں ہاے ملفوظ ہے۔ اب ان دونوں کا ایک ایک جملہ ملاحظہ کیجیے :

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : ننھے مُنے بچے مَن کو *بھاتے* ہیں۔

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : لاپرواہ لوگ پانی زیادہ *بہاتے* ہیں۔

دیکھیے : لفظ " پھاڑ اور پہاڑ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : بچے نے کاپی کا صفحہ *پھاڑ* دیا۔

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : *پہاڑ* پر چڑھنا ایک مشکل کام ہے۔

دیکھیے : لفظ " تھ اور تَہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : دنیا کا ایک مُلک *تھائی* لینڈ بھی ہے۔ ایک فقیر تھا۔

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : ایک *تِہائی* کام ہو گیا ہے دو تِہائی باقی ہے۔

دیکھیے : لفظ " ٹھ اور ٹہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : آج کل اُن دونوں کی آپس میں *ٹھنی* ہوئی ہے۔ ٹھن ٹھن گوپال۔

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : درخت کی *ٹہنی* پر بلبل نغمہ سرا ہے۔ کہانی اچھی ہے۔

دیکھیے : لفظ " جھ اور جہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : قرض کے بار نے *بوجھل* کر دیا ہے۔ بوجھ اٹھانا ۔

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : *بوجہل* کو محبوب دکھائے نہیں جاتے۔ جہلا کے ساتھ نہیں الجھتے۔

دیکھیے : لفظ " چھ اور چہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال :قربانی کے جانور کے لیے *چھرا* تیز کرو۔ چھا گئے گرو!

 ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال :خوش خبری سُن کر اُس کا *چہرا* کِھل اُٹھا۔

دیکھیے : لفظ " دھ اور دہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال: صبح صبح میرا *دھندا*  کاروبار ) خراب نہ کرو(

 ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال :مذہب ہی نجات *دہندہ* ہے۔ اسے مضبوطی سے تھام لو۔

دیکھیے : لفظ " کھ اور کہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : میرا قلم کہیں *کھو* گیا ہے

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال :اب *کہو* کہاں جانے کا ارادہ ہے ؟

دیکھیے : لفظ " گھ اور گہ "

ہاے مخلوطھکے ساتھ مثال : جنگلات میں *گھنے* درخت ہوتے ہیں

ہاے ملفوظہکے ساتھ مثال : اُس نے اپنی شادی پر *گہنے* اور دیگر زیورات پہنے تھے۔

اصل متن  فیس بک پیج "اردو نحو''  سے کاپی پھر  اسے ایڈٹ کر طلبہ  اور اساتذہ  کے استفادے کے لیے  یہاں ساجھا کیا  گیا ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ناکارہ اور مفلوج قوم

 ناکارہ اور مفلوج قوم اس تحریر کو توجہ سے پڑھیے ۔ پروفیسر اسٹیوارٹRalph Randles Stewart باٹنی میں دنیا کے پہلے چار ماہرین میں شمار ہوتے تھے،...