وہ بلراج مینرا جب اس کی آنکھ کھلی، وہ وقت سے بے خبر تھا۔ اس نے دایاں ہاتھ بڑھا کر بیڈ ٹیبل سے سگریٹ کا پیکٹ اٹھایا اور سگریٹ نکال کر لبوں میں تھام لیا۔ سگریٹ کا پیکٹ پھینک کر اس نے پھر ہاتھ بڑھایا اور ماچس تلاش کی۔ ماچس خالی تھی۔ اس نے خالی ماچس کمرے میں اچھال دی۔ خالی ماچس چھت سے ٹکرائی اور فرش پر آن پڑی۔ اس نے ٹیبل لمپ روشن کیا۔ بیڈ ٹیبل پر چار پانچ ماچسیں الٹی سیدھی پڑی ہوئی تھیں۔ اس نے باری باری سب کو دیکھا۔ سب خالی تھیں۔ اس نے لحاف اتار پھینکا اور کمرے کی بتی روشن کی۔ دو بج رہے تھے۔ فرش برف ہو رہا تھا۔ ابھی دو بجے ہیں، میں وقت سے بے خبر تھا، میں سمجھ رہا تھا، صبح ہونے کو ہے! آج یہ بے وقت نیند کیسے کھل گئی؟ ایک بار آنکھ کھل جائے، پھر آنکھ نہیں لگتی! اس نے تمام کمرہ چھان مارا۔ کتابوں کی الماری، ویسٹ پیپر باسکٹ، پتلون جیبیں، جیکٹ کی جیبیں۔۔۔ ماچس کہیں نہ ملی۔ اس نے ایک ایک کتاب الٹ دی۔۔۔ کوئی دیا سلائی نہ ملی۔ کمرے کی بری حالت ہوگئی تھی۔ کتابیں الٹی سیدھی پڑی ہوئی تھیں، کپڑے ادھر ادھر بکھرے پڑے تھے ٹرنک کھلا ہوا تھا۔ کوئی آجائے ...