یونس ٹی اسٹال، سرائے میر، اعظم گڑھ


 سرائے میر کا ایک قدیم چائے خانہ (یونس ٹی اسٹال)۔ 

ڈاکٹر ڈائری - ڈاکٹر سعید جونپوری 


ضلع اعظم گڑھ کا قصبہ سرائے میر کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ یہ محض ایک قصبہ نہیں، بلکہ اپنے گرد و نواح کے سیکڑوں دیہات اور چھوٹے بڑے قصبوں کے لیے ایک اہم خرید و فرخت اور تجارتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں کا بازار اپنی وسعت، گہما گہمی اور کاروباری سرگرمیوں کے اعتبار سے آس پاس کے چار پانچ اضلاع تک شہرت رکھتا ہے۔ اس بازار میں ہمارے بھی کئی عزیز و اقارب کے کاروبار اور دکانیں قائم ہیں۔ اسی تاریخی اور مصروف بازار سے بالکل متصل ہندوستان کے دو معروف علمی ادارے، مدرسہ بیت العلوم اور مدرسۃ الاصلاح بھی واقع ہیں۔


خیر ! قصہ مختصر یہ کہ اسی بازار کے قلب میں ایک ایسا قدیم ٹی اسٹال واقع ہے، جس کی اپنی ایک الگ تاریخ، اپنی ایک تہذیب اور اپنا ایک زمانہ ہے۔

یہ چائے خانہ 1951ء میں قائم ہوا تھا۔ یہاں کی میزیں اور کرسیاں بھی اسی عہد کی ہیں۔ دکان کے در و دیوار، شٹر، میز اور کرسیوں سمیت ہر شے پر دھول اور دھوئیں کی ایک یکساں تہہ جم چکی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے نصف صدی سے زیادہ کا زمانہ اپنی تمام گرد و غبار سمیت یہاں آکر ٹھہر گیا ہو ۔لیکن اس ٹی اسٹال کا سب سے دل کش منظر ٹی اسٹال کے مالک محترم منظور احمد صاحب کی شخصیت ہے۔ ان کے والد صاحب (مرحوم یونس) نے اس چائے خانے کی بنیاد رکھی تھی اور اب منظور احمد صاحب اسی خاندانی روایت کو پوری سادگی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ دو تلے والی ٹوپی، چوڑا پائجامہ اور چھوٹا سا کرتا زیب تن کیے، اپنے نحیف و نازک ہاتھوں سے جب وہ چائے نکالتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کسی پرانی بلیک اینڈ وائٹ فلم کا کوئی منظر اچانک ہماری آنکھوں کے سامنے زندہ ہو اٹھا ہو۔ ان کے انداز، ان کے لباس اور چائے نکالنے کے  طریقے میں ایک ایسی سادگی اور اپنائیت ہے جسے آج کے جدید اور چمکتے دمکتے کیفے میں تلاش کرنا شاید ممکن نہ ہو۔


اس ٹی اسٹال پر چائے پینے کے لئے  بیٹھتے ہی ہمارے دوست مولانا مستقیم صاحب شیروانی نے ایک دلچسپ جملہ کہا تھا کہ:

’’ڈاکٹر صاحب! یہ وہ اڈہ ہے جہاں سے سرکاریں بنی بھی ہیں اور بگڑی بھی ہیں۔‘‘ اب بھلا 1951ء سے مسلسل آباد رہنے والی اس بیٹھک نے اپنے دامن میں کتنی ہی نسلوں کی گفتگو، کتنے ہی زمانوں کے حالات اور کتنے ہی عہد کی تبدیلیاں نہ سمیٹی ہوں گی؟ یہاں سیاست پر بحثیں بھی ہوئی ہوں گی، حکومتوں کے بننے اور بگڑنے کے قصے بھی زیرِ گفتگو آئے ہوں گے، سماجی مسائل پر تبادلۂ خیال بھی ہوا ہوگا، تعلیم و تدریس کے موضوعات بھی چھڑے ہوں گے، کھیل کے میدانوں کی ہار جیت بھی زیرِ بحث آئی ہوگی اور نہ جانے کتنے مسافروں نے اپنی سیاحت کے قصے اسی چائے کی پیالی کے ساتھ سنائے ہوں گے۔ کل جب پہلی بار اس قدیم ٹی اسٹال پر مفتی عبید الرحمن شیروانی صاحب کی معیت میں مولانا مستقیم اور مولانا عبد الماجد شیروانی صاحبان کے ہمراہ جانا ہوا تو خیال آیا کہ اتنا پرانا ٹی اسٹال، جس کے در و دیوار پر وقت کی گرد جمی ہوئی ہے، جس کی نشست و برخاست میں سادگی کا ایک دل نشیں رنگ ہے، وہاں بیٹھ کر چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے ذہن میں آیا کہ یہی ٹی اسٹال ہو، اور اسی موسم (نومبر دسمبر) کی ہلکی ہلکی خنکی لیے ہوئے ایک پرسکون صبح ہو، سورج دھیرے دھیرے افق سے نمودار ہو کر  زمین و آسمان پر اپنی سنہری کرنیں بکھیر رہا ہو، چائے کی پتیلی میں ابلتی ہوئی چائے سے اٹھتی بھاپ فضا میں تحلیل ہو رہی ہو، ہاتھوں میں گرم چائے کا کلھڑ ہو اور سامنے پرانی بلکہ سیاہ میز پر اردو کا تازہ اخبار رکھا ہو۔ نہ کوئی عجلت ہو، نہ کہیں پہنچنے کی فکر، نہ دنیا کے شور و غوغا سے کوئی سروکار۔ بس چائے کی خوشبو، صبح کی خنکی، اخبار کے اوراق اور اپنے دوستوں کی محفل۔ کیا ہی ۔۔پُرسکون  منظر ہوگا !

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

امیر مینائی کا مختصر تعارف

چند معروضی سوالات اور ان کے جواب

تجھ لب کی صفت لعل بدخشاں سوں کہوں گا کی تشریح