مصر میں فروغِ اردو کے لیے پروفیسر حسن الاعظمی کی جدوجہد
عبدالعلیم قاسمی بن عبدالعظیم اصلاحی
ہند و پاک میں وجود پذیر زبان "اردو" چند دہائیوں ہی میں مقامی سرحدوں کو عبور کرکے متعدد ملکوں میں داخل ہوئی ، آج دنیا کے کم و بیش اکثر ممالک کی یونیورسٹیوں اور جامعات میں" اردو "کو بحثیت زبان پڑھایا جاتا ہے ، بہت سی یونیورسٹیوں اور جامعات میں اردو کے علاحدہ شعبے بھی قائم ہیں ، اردو اب محض مسلمانوں یا ہند و پاک کی زبان نہیں رہی ہے ؛ بلکہ یہ ایک عالمی زبان کا درجہ رکھتی ہے ، اردو کو فروغ دینے کے لیے ، اس کو متعدد ملکوں میں متعارف کرانے کے لیے عاشقانِ زبانِ اردو کی لازوال قربانیاں اور انتہک محنت و جدوجہد رہی ہے ۔
پروفیسر حسن الاعظمی دنیا کی متعدد زبانوں پر مہارت رکھتے تھے، اردو ، فارسی ، عربی ، انگریزی اور ترکی پر یکساں مہارت تھی ، آپ کی کوششوں اور جد و جہد سے مصر میں اردو کے فروغ ملا ، جامعہ مصریہ اور مصر کی دیگر یونیورسٹیوں میں اردو کا شعبہ قائم ہوا ، مصر میں اردو کے فروغ کے بعد اہل شام ، بغداد اور ترکی بھی اپنے ملکوں میں اردو کے شعبے قائم کئے جو کہ حسن الاعظمی ہی کی جد و جہد کے ثمرات تھے ۔
حسن الاعظمی 25/ دسمبر 1918 کو مبارک پور ضلع اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے ، مدرسۃ التعلیم اور جامعہ احیاء العلوم مبارک پور میں ابتدائی تعلیم حاصل کی ، اس کے بعد 1930ء میں جامعہ سیفیہ سورت تشریف لائے ، یہاں آپ نے ملا رحمت مبارک پوری کی نگرانی میں اسلامی فرقوں کی بنیادی کتب اور ادیان عالم کا مطالعہ کیا ، مزید علمی تشنگی بجھانے کے لیے عالم اسلام کے عظیم ادارہ "جامعہ ازہر" مصر میں داخلہ لیا ، یہاں چند سال تعلیم حاصل کرکے سند فراغت حاصل کی ، فراغت کے بعد جامعہ ازہر ہی میں پروفیسر منتخب ہوئے ، مصر اور عالم اسلام میں علامہ اقبال کے فلسفہ کو متعارف کرانا ، ان کے اشعار کو عربی میں پیش کرکے عالم عرب کو فکر اقبال سے روشناس کرانا اور مصر میں اردو کو فروغ دینا ،جلی حروف سے لکھنے کے لائق آپ کے کارہائے جلیلہ ہیں ۔
پروفیسر حسن الاعظمی کا شمار کثیر التصانیف مصنفین میں ہوتا ہے ، آپ نے اردو اور عربی میں سو سے زائد کتابیں لکھی ہیں ، "المعجم الاعظم " کے نام سے چار جلدوں میں عربی اردو لغت اور پانچ جلدوں میں اردو عربی لغت لکھی ہے ، آپ نے ہند و پاک اور مصر کو ایک دوسرے سے روشناس کرانے کے لیے مصر کے حالات ، وہاں کی تاریخی ، ثقافتی اور تہذیبی نقوش پر مشتمل متعدد کتابیں بنام "آزاد مصد " ، "آج کا مصر" ، "انقلابی مصر "اور عظیم مصر " وغیرہ اردو میں لکھی ، اسی طرح ہندو پاک پر عربی میں کتابیں لکھی ہیں جن کے نام درج ذیل ہیں ۔
(1)فتی الہند و باکستان (2)الثقافۃ الاسلامیۃ فی الھند و باکستان (3) کشمیر جنۃ الارض
قاضی اطہر مبارک پوری اہل مبارک پور کے تصنیفی کارناموں کے ضمن میں لکھتے ہیں :
استاذ محمد حسن الاعظمی مبارک پوری ازہری کی بہت سی عربی تصانیف قاہرہ اور بیروت سے شائع ہوئی ہیں ، 1939ء میں حکومت مصر نے "جامع ازہر" کے ہزار سالہ جشن کے موقع پر مشہور فاطمی حاکم امیر تمیم کا دیوان شائع کیا ، جسے استاذ موصوف نے مرتب کیا ، پھر 1954ء میں مصر سے شائع ہوا ۔ ان ہی کی جدوجہد سے شاہ فاروق کے دور میں جامع ازہر میں پہلی بار اردو زبان کی تعلیم جاری ہوئی ، اور وہی اس کے پہلے معلم ہوئے ، استاذ محمد حسن ازہری نے اپنی سینکڑوں عربی اردو تصانیف و توالیف کے ذریعہ اسماعیلی مذہب کو ستر سے ظہور میں لاکھڑا کیا ۔ ان کی سینکڑوں تصانیف میں "المعجم الاعظم" عربی اردو لغت اہم ترین کتاب ہے ۔ " (1)
پروفیسر حسن الاعظمی کے کارہائے جلیلہ میں سب سے بڑا کارنامہ مصر میں اردو کو فروغ دینا اور جامعہ مصریہ(موجودہ نام جامعہ قاھرہ) اور جامع ازہر میں اردو کے شعبہ کا قیام ہے ، جامعہ مصریہ میں شروع میں آپ کے مطالبہ پر اردو کو ایک اختیاری مضمون کی حیثیت سے نصاب میں داخل کیا ، لیکن اس کے نمبرات شمار نہیں کئے جاتے تھے ، اس کے علاوہ آپ ہر پنج شنبہ کو "اقبالیات " پر لکچر دیتے تھے،جس کی وجہ سے علامہ اقبال کو براہ راست سمجھنے کے لیے مصریوں کے اندر اردو سیکھنے کا جذبہ پیدا ہوا ، بعد میں آپ نے جامعہ مصریہ میں اردو کو دیگر زبانوں کی طرح نصاب میں مستقل طور داخل کرنے کی درخواست کی ، اس جدوجہد کی روداد حسن الاعظمی ہی کی قلم سے ملاحظہ فرمائیں ، لکھتے ہیں :
"1937ء میں جب میں نے دیکھا کہ جامع مصریہ میں باقی تمام اہم مشرقی زبانوں کی تعلیم دی جاتی ہے، لیکن اردو کونظرانداز کر دیاگیا ہے تو کلیة الآداب کے پرنسپل ڈاکٹر طہ حسین سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ اردو تعلیم کا بھی بندوبست ہونا چاہیے۔ بہت مشکل سے یہ فیصلہ ہوا کہ اردو ایک اختیاری مضمون کی طرح پڑھی جائے۔
یعنی اس کے نمبر نہ شمار ہوں گے ۔ ڈیڑھ سال تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ میں نے اس عرصہ میں 20/ طلبہ کو اردو پڑھائی۔ شرط یہ تھی کہ اردو صرف وہی طلبہ پڑھ سکتے ہیں، جو فارسی اور عربي دونوں زبانوں سے واقف ہوں۔ چناں چہ میں نے یہ طریقہ اختیار کیا کہ طلبہ کو پہلے اسیی اردو پڑھائی جس میں عربی و فارسی کے کافی الفاظ موجود تھے، اس طرح طلبہ بہتر اردو لکھنا پڑھنا سیکھ گئے، پھر انھیں آہستہ آہستہ آسان لفظ استعمال کرنے کی مشق کرائی ۔ غرض عرب طلبہ کو اردو تعلیم کے لیے یہاں سے الٹا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، مثلا پہلے اردو چوتھی، پھر تیسری، پھر دوسری پھر پہلی ۔ جو اردو یہاں آسان کہی جاسکتی ہے وہاں مشکل ہوگی۔ اس لیے کہ ہندی الفاظ زیادہ ہوتے ہیں، اور جو مشکل کہی جاتی ہے وہ وہاں آسان ہوگی ۔ اور اس طرح ہندوؤں کی متوقع اردو کا ہندوستان سے باہر رائج ہونا نا ممکن ہے ۔
اس دوران میں نے یہ پروپیگنڈہ جاری رکھا کہ اردو کو دیگر زبانوں کا رتبہ دیا جائے اور اس کے نمبر دوسرے نمبروں میں شمار ہوں۔ آخر میری محنت بارآور ہوئی اور 7/ مارچ 1939ء کو پارلیمنٹ نے یہ تجویز منظور کرلی۔" (2)
پروفیسر حسن الاعظمی کی درخواست پر جامعہ مصریہ کے نصاب میں اردو داخل کی گئی ، اس وقت کے مصر کے فرماں رواں شاہ فاروق نے ایک خاص فرمان کے ذریعہ اس کی اجازت دی ، چونکہ یہ فرمان اردو کی تاریخ میں خاص اہمیت و افادیت رکھتا ہے ، اس لیے ہم یہاں اس طویل فرمان کے بعض اہم نکات درج کرتے ہیں :
"ہم فاروق اول شاہ مصر ، بابت لائحہ اساسیہ برائے کلیہ آداب و بربناء تصفیہ مجلس جامعہ (یونیورسٹی بورڈ) مورخہ 7/ مارچ 1939ء کو بربناء عریضہ وزیرِ تعلیمات عامہ و بمطابق رائے مجلس وزراء ذیل کا قانون درج کرتے ہیں ۔
(1) کلیہ آداب (آرٹ کالج ) میں ایک معہد (ٹرینگ کالج ) کھولا جائے، جس کا نام " معہد اللغات الشرقیہ و آدابھا " رکھا جائے ، اس کی غرض و غایت امم اسلامیہ کی زبانوں اور قدیم و جدید عربی لہجوں میں امتیاز پیدا کرنا ہے۔
(2) معہد حسب ذیل شعبوں پر مشتمل ہوگا ۔
(1) شعبہ زبانِ امم اسلامیہ
(2) شعبہ لہجاتِ عربیہ زبان امم اسلامیہ میں حسب ذیل زبانوں کی تعلیم دی جائے گی ، فارسی ترکی اور اردو (ہندوستانی ) مزید برآں قدیم اور زندہ مشرقی زبانوں کا اضافہ کیا جائے گا ، کلیہ میں طالب علم کی شرکت کے لیے یہ شرط ہے کہ وہ عربی ادب کا بی اے (B.A) ہو یا کوئی اور ڈگری رکھتا ہو ، جو طیلسانین کے مساوی ہو جسے کالج بورڈ کی رائے کی بناء پر یونیورسٹی بورڈ معتبر سمجھے۔" (3)
جامعہ مصریہ میں اردو کے قیام کے بعد اس شعبہ میں کسی ماہر استاذ کے لیے ہندوستان سے کسی موزوں شخص کے تقرر کے لیے خطوط لکھے گئے ، چونکہ ذریعہ تعلیم عربی تھی ، اور طلباء کے لیے اردو دانی کا ذوق عربی تفہیم و تدریس کے بغیر دشوار تھا ، نیز پروفیسر حسن الاعظمی ایک عرصے سے اردو خدمات انجام دے رہے تھے ، اور عربی میں بھی کافی مہارت حاصل کرلی تھی ، اور آپ نے جامع ازہر سے آخری ڈگری امتیاز کے ساتھ حاصل کی تھی ، اسی لیے بالآخر آپ ہی کو شعبہ اردو کا پروفیسر منتخب کیا گیا ۔
مولانا عبدالحلیم ظہوری مصر میں اردو کے اولین نقوش اور اردو کے فروغ کے لیے مصر میں کی جانے والی سعی و جہد اورکوششوں کا تذکرہ "مصر میں اردو " نامی کتاب میں کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
" ادھر ایک عرصہ سے ہندوستان میں اردو زبان کو کل ہند زبان بنانے کا مسئلہ درپیش ہے ، تمام ممکن ذرائع اس کی نشر و اشاعت اور ترویج و توسیع کے لیے استعمال کئے جارہے ہیں، اس کو تمام ہندوستان کی قومی و ملکی زبان قرار دینے کے لیے کبھی اس کی ساخت ، اس کی ہییت ترکیبی اور اس کی لچک سے حجت کی جارہی ہے ، اور کبھی اس کے عالم گیر زبان ہونے کے دعوے میں یہ دلیل پیش کی جاتی ہے کہ دنیا کے ہر گوشہ میں وہ بولی اور سمجھی جاتی ہے ، لیکن تحقیقات کی دنیا میں یہ امر حیرت افزا ہے کہ بیرون ہند میں اس کی ترویج و اشاعت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ، سرزمین مصر میں جو اس وقت عالم اسلام کی تہذیب و ثقافت کا مرکز اور اسلامی علوم و فنون کا سرچشمہ ہے، اردو زبان کی نشر و اشاعت کے ذریعہ اس کے ادبیات و معارف اس کے علمی جواہر ریزوں اور یہاں کے بہترین دماغی شاہکار سے روشناس کرانے کے لیے کہاں تک اقدامی سعی اور عملی جدو جہد کی گئی ہے ۔ پروفیسر حسن الاعظمی دنیائے اردو ادب میں لائق صد تحسین اور مبارک آباد ہیں کہ آپ نے اردو زبان کی ترقی و احیاء کے لیے جدوجہد شروع کی ، 1938ء میں موصوف نے ڈاکٹر طہ حسین پرنسپل "کلیۃ الآداب" جامعہ مصریہ سے درخواست کی کہ اردو زبان کی تعلیم کا انتظام کلیہ میں کیا جائے ۔
اس درخواست کو منظور کرلیا گیا ، اور ڈاکٹر صاحب نے عارضی طور پر ایک سال کے لیے حسن الاعظمی صاحب کو "اردو ادب اور شاعری" پر لکچر دینے کے لیے مقرر کردیا۔ اس شعبہ میں ایم ، اے کے تقریبا 20/ طلباء نے شرکت کی ، ان دروس میں زیادہ تر علامہ اقبال کے فلسفہ کی تشریح اور اردو زبان کے دیگر بعض شعراء مثلا غالب ، حالی ، اکبر اور امجد حیدرآبادی وغیرہ سے تعارف کرایا گیا۔ جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ۔
1939ء میں مذکورہ طلباء نے حکومت مصریہ میں ایک عریضہ پیش کیا کہ اردو کو بطور ایک علمی زبان کے فارسی و ترکی زبان کے ساتھ ساتھ کلیہ آداب میں داخل کیا جائے ۔ اسی اثناء میں ڈاکٹر عبدالوہاب بک عزام نے جو اس وقت کلیہ آداب میں " شعبہ السنہ مشرقیہ "اور علامہ اقبال سے ان کا تعارف لندن میں ہوچکا تھا ، اقبالیات کو سمجھنے کے لیے پروفیسر حسن الاعظمی سے اردو زبان سیکھی ، ڈاکٹر صاحب ترکی ، انگریزی فارسی ، جرمن اور دیگر کئی مغربی زبانوں کے ماہر ہیں ، آپ نے بھی اقبالیات کا ترجمہ عربی میں کیا اور اردو کو نصاب میں شریک کرنے میں بڑی مدد کی ۔ مصری پارلیامنٹ اور اردو شاہ مصر فاروق اول کے فرمان کے ذریعہ جامعہ مصریہ میں اردو کو شامل کیا گیا ، پروفیسر حسن الاعظمی کی ہی درخواست پر جامع ازہر وغیرہ میں بھی اردو شعبے کھلے ، مصر میں اردو زبان کی خدمات اور اس کی نشر و اشاعت کا یہ مختصر اولین خاکہ ہے۔ "(4)
جامعہ مصریہ میں اردو کے قیام کے بعد نصاب کا مسئلہ پیش آیا کہ اس شعبہ میں کون سی کتابیں پڑھائی جائے ، کیسا نصاب منتخب کیا جائے ،پروفیسر حسن الاعظمی نے اردو زبان کے اپنے ایک شاگرد ڈاکٹر عبدالوہاب بک عزام کے ساتھ مل کر اس شعبہ کے نصاب کو مرتب کیا ، جس کے ذریعہ مصر کے اساطین علم و ادب نے پروفیسر حسن الاعظمی سے اردو زبان سیکھی ، جن میں مصری ادیب محمد حسن زیات ، ڈاکٹر طہ حسین شیخ صاوی شعلان قابل ذکر ہیں ۔ پروفیسر حسن الاعظمی اپنی کتاب "عظیم مصر " میں لکھتے ہیں کہ :
" تین سال کا نصاب مقرر ہوا اور فیصلہ ہوا کہ پہلے اور تیسرے سال امتحان ہوں ، ڈاکٹر عزام کی مدد سے میں نے عربی اور فارسی جاننے والوں کو اردو پڑھانے کا ایک خاص نصاب تیار کرلیا تھا، اس سے پہلے میں زیادہ تر طلبہ کو اقبال اور غالب کی نظم اور بعض ملکی نثر نگاروں کے چیدہ چیدہ شاہ کار پڑھاتا تھا۔" (5)
مارچ 1939ء میں جامع مصر میں باقاعدہ اردو زبان و ادب کی تعلیم شروع ہونے کے بعد اعظمی صاحب نے جامع ازہر مصر کے وائس چانسلر علامہ شیخ محمد مصطفى المراغی کی خدمت میں ایک مراسلہ روانہ کیا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ جامعہ ازہر میں اردو تعلیم کو باقاعدہ شریکِ نصاب کیا جائے ۔ شیخ مراغی نے آپ سے وعدہ کیا کہ اگر کوئی موزوں شخص تعلیم دینے کے لیے مل جائے توکل ہی سے اس کا انتظام کیا جاسکتا ہے، اور یہاں تک کہا کہ اگر تم جامع مصر کو چھوڑ کر ازہر میں آنے کے لیے تیار ہو جاؤ تو ابھی تقرری کے احکام نافذ کیے جاسکتے ہیں۔
چناں چہ فروغِ اردو کے لیے آپ نے جامع مصریہ سے استعفی دے کر جامعہ ازہر میں صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا۔ آپ کے بعد جامعہ مصریہ میں بہت سے اساتذہ نے اردو کی تعلیم دی ۔ ان میں سے ایک پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف علیگ بھوپالی شاگرد علامہ عبد العزی میمن بھی تھے۔(6)
ڈاکٹر شباب الدین صاحب پروفیسر حسن الاعظمی کی زریں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے رقم طراز ہیں :
"اس علمی گہوارہ کا ایک فرزند جلیل حسن الاعظمی بھی ہے جو بیسویں صدی کے دوسرے عشرے میں آسمانِ علم و ادب پرطلوع ہوا، ابتدائی تعلیم مبارک پور ہی میں حاصل کی، مگر طلبِ علم کے شوق نے اس کو سورت، حیدر آباد، لاہور اور کراچی کے ساتھ ساتھ مصر کی خاک چھاننے پر مجبور کر دیا، فراغت کے بعد قاہرہ یونیورسٹی میں پروفیسری کے منصب پر فائز ہوئے ، ان کی علمی و تصنیفی و تعلیمی خدمات اور ادارتی سرگرمیوں کا دائرہ خاصا وسیع ہے ۔ ہمارے نزدیک ان کا سب سے حیرت انگیز کارنامہ مصر میں اردو زبان و ادب کے متعلق ان کی خدمات اور عالم عرب بالخصوص مصر میں علامہ اقبال کو متعارف کرانا ہے۔ مبارک پور کے اس فرزند نے اردو کی نشوونما اور ترقی کے لیے بڑی قابل فخر خدمت انجام دیں، عربوں کے لیے آسان اردو نصاب تیار کیا اور قاہرہ یونیورسٹی میں انھیں کی کوششوں سے باقاعدہ شعبہ اردو قائم ہوا اور آج بھی یہ شعبہ پوری آب و تاب کے ساتھ سرگرم ہے۔اس کے موجودہ صدر پروفیسر جلال الحفناوی صاحب نے علامہ شبلی کی سیرت النبی پانی ، الفاروق ، علم الکلام، الکلام اور المامون وغیرہ کا عربی ترجمہ محض اردو زبان کے مصر میں فروغ کے مقصد سے کیا، ان تمام سرگرمیوں کے پیچھے اگریہ کہا جائے کہ مولانا حسن الاعظمی کی کوششوں کا دخل ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ ان کے عرب علما عطاء الرحیم، محمد رزق المصری اور ڈاکٹر عبد الوہاب عزام وغیرہ سے بڑے گہرے مراسم تھے۔"(7)
1980ء میں "عین شمش یونیورسٹی "قاہرہ میں اردو کا آغاز ہوا ،ہا ہے۔ اب تو مصر كى جامعات، بطور خاص جامعہ ازہر، جامعہ عين شمس، جامعہ مصریہ اور جامعہ قاهره وغیرہ ميں بھى ايم اے اور پى ايچ ڈى كى سطح پر ریسرچ و تحقيق كا کام ہورہا ہے
ديگر جامعات ميں مثلا منصوره ، اسكندريہ ، وغيره بھى اردو كى تعليم اور تحقيقى كام ہورہا ہے ۔بعض دیگر جگہوں پر بھى اردو كورسز بھى ہوتے ہيں، 1996ء سے جامعہ ازہر سے سالانہ اردو مجلہ" اردیات "شائع ہورہا ہے ۔ یقینا یہ سب پروفیسر حسن الاعظمی کی کوششوں ہی کے ثمرات ہے کہ آج مصر میں اردو کی ترویج و اشاعت ہورہی ہے ۔
مصادر و مراجع
(1)قاضی اطہر مبارک پوری ، تذکرہ علماء مبارک پور، مکتبہ الفہیم مئو ، 2010ء ص: 96/97
(2)حسن الاعظمی ، عظیم مصر ، مکتبۃ الاعظمیہ کراچی ، اپریل 1981ء ، ص: 329/330
(3)حسن الاعظمی ، حیاۃ والممات فی فلسفۃ اقبال ، بزم اقبال حیدرآباد ، 1975، ص: 220/221
(4)مولانا عبدالحلیم ظہوری ، مصر میں اردو ، ادارہ معارف اسلامیہ حیدرآباد ، ص: 14/ 16
(5)عظیم مصر ، ص: 330
(6)مہتاب پیامی ،بابائے عربی حسن الاعظمی ، اقبال ایجوکیشنل مبارک پور ، دسمبر 2013ء ، ص: 25
(7)مصدر سابق ،عظمت رفتہ از ڈاکٹر شباب الدین ص: 9
شائع شدہ ماہنامہ "الماس" ممبئی دسمبر 2021ء
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں