آج - 5؍دسمبر 1955*
*معروف ترقی پسند شاعر،رومانی اور انقلابی نظموں کے لیے مشہور، اپنے دورِ حاضر کے محبوب شاعر” اسرار الحق مجازؔ صاحب “ کا یومِ وفات ہے*
*اسرار الحق* نام اور *مجازؔ* تخلص تھا۔ *۱۹؍اکتوبر ۱۹۱۱ء کو ردولی، ضلع بارہ بنکی (بھارت)* میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد جج کے عہدے پر فائز تھے ، اس لیے ان کا قیام زیادہ تر لکھنؤ میں رہا۔ ۱۹۳۶ء میں علی گڑھ یونیورسٹی سے بی اے پاس کرنے کے بعد کچھ دنوں آل انڈیا ریڈیو، دہلی میں اور کچھ عرصے بمبئی کے محکمۂ اطلاعات میں ملازم رہے۔ ہارڈنگ لائبریری، دہلی سے بھی کچھ عرصہ منسلک رہے۔ ابتدا میں *فانی بدایونی* نے ان کی چند غزلوں پر اصلاح دی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے اپنے ذوق کو خود رہبر بنایا۔ وہ اپنے دور کے محبوب شاعر تھے۔ *مجازؔ* شراب کے بے حد عادی تھے۔ کثرتِ شراب نوشی سے *۵؍دسمبر ۱۹۵۵ء* کو لکھنؤ میں انتقال کر گئے۔ کسی نے *مجاز کو شیلے کہا اور کسی نے ان کو کیٹس، کسی نے ان کو بلبل رنگیں نوا* کہا۔ ان کا پہلا مجموعۂ کلام *’’آہنگ‘‘* کے نام سے ۱۹۳۸ء میں طبع ہوا۔ اس میں کچھ نظموں کا اضافہ کرکے ۱۹۴۵ء میں ’’ شبِ تاب‘‘ اور پھر مزید اضافے کے بعد۱۹۴۹ء میں ’’ سازِ نو ‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔
*بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:24*
*پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ*
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
*رومانی شاعر اسرار الحق مجازؔ کے یومِ وفات پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ عقیدت...*
بس اس تقصیر پر اپنے مقدر میں ہے مر جانا
تبسّم کو تبسّم کیوں نظر کو کیوں نظر جانا
---
رخصت اے ہم سفرو شہرِ نگار آ ہی گیا
خلد بھی جس پہ ہو قرباں وہ دیار آ ہی گیا
---
*سازگار ہے ہم دم ان دنوں جہاں اپنا*
*عشقِ شادماں اپنا شوقِ کامراں اپنا*
---
شوق کے ہاتھوں اے دلِ مضطر کیا ہونا ہے کیا ہوگا
عشق تو رسوا ہو ہی چکا ہے حسن بھی کیا رسوا ہوگا
---
پھر کسی کے سامنے چشمِ تمنا جھک گئی
شوق کی شوخی میں رنگِ احترام آ ہی گیا
---
جلوے تھے حلقۂ سرِ دامِ نظر سے باہر
میں نے ہر جلوے کو پابندِ نظر جانا تھا
---
*یہ آنا کوئی آنا ہے کہ بس رسماً چلے آئے*
*یہ ملنا خاک ملنا ہے کہ دل سے دل نہیں ملتا*
---
یہ کس کے حسن کے رنگینئ جلوے چھائے جاتے ہیں
شفق کی سرخیاں بن کر تجلی کی سحر ہو کر
---
*ہر نرگسِ جمیل نے مخمور کر دیا*
*پی کر اٹھے شراب ہر اک بوستاں سے ہم*
---
*ماہ و انجم بھی ہوں شرمندۂ تنویرِ مجازؔ*
*دشتِ ظلمات میں اک ایسا چراغاں کر دیں*
---
یوں تجھ کو اختیار ہے تاثیر دے نہ دے
دست دعا ہم آج اٹھائے ہوئے تو ہیں
---
*بتانے والے وہیں پر بتاتے ہیں منزل*
*ہزار بار جہاں سے گزر چکا ہوں میں*
---
لاکھ چھپتے ہو مگر چھپ کے بھی مستور نہیں
تم عجب چیز ہو نزدیک نہیں دور نہیں
---
*ہم عرضِ وفا بھی کر نہ سکے کچھ کہہ نہ سکے کچھ سن نہ سکے*
*یاں ہم نے زباں ہی کھولی تھی واں آنکھ جھکی شرما بھی گئے*
---
*بخشی ہیں ہم کو عشق نے وہ جرأتیں مجازؔ*
*ڈرتے نہیں سیاست اہلِ جہاں سے ہم*
---
یہ اپنی وفا کا عالم ہے اب ان کی جفا کو کیا کہئے
اک نشتر زہر آگیں رکھ کر نزدیک رگِ جاں بھول گئے
---
*غیر کی بستی ہے کب تک در بدر مارا پھروں*
*اے غمِ دل کیا کروں، اے وحشتِ دل کیا کروں*
---
*اس محفلِ کیف و مستی میں اس انجمنِ عرفانی میں*
*سب جامِ بکف بیٹھے ہی رہے ہم پی بھی گئے چھلکا بھی گئے*
---
خوب پہچان لو اسرار ہوں میں
جنس الفت کا طلب گار ہوں میں
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
*اسرار الحق مجازؔ*
*انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ*
شکریے کے ساتھ
سلمی صنم
تحریک بقائے اردو کی وال سے شکریے کے ساتھ